نئی دہلی،27 ؍جنوری (ایس او نیوز) اترپردیش کے ضلع بلند شہر کے سیانہ علاقے میں گذشتہ سال 3 دسمبر کو پیش آئے پرتشدد واقعہ میں شہید سب انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کا لوٹا گیا موبائل فون پولس نے جیل میں بند ملزم پرشانت نٹ کے گھر سے برآمد کرلیا ہے۔
بتا دیں کہ پرشانت نٹ سبودھ کمار سنگھ کے قتل کا اہم ملزم ہے جسے پولیس نے پہلے ہی گرفتار کر لیا تھا۔
شہری ایس پی اتل سریواستو نے اخبارنویسوں کو بتایا کہ عدالت سے تلاشی کا وارنٹ حاصل کرنے کے بعد پولس نے گزشتہ رات ملزم پرشانت نٹ کے گھر پہنچ کر تلاشی لی تھی جس کے دوران گھر سے موبائل فون برآمد کیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سبودھ کمار سنگھ کے موبائل فون کے علاوہ، انہیں 6 مزید موبائل بھی ملے ہیں۔ پولیس فی الحال تمام برآمد موبائل فون کی تحقیقات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سبودھ کمار سنگھ سے لوٹی گئی پستول ابھی تک نہیں ملی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال تین دسمبر کو سیانہ کوتوالی علاقے میں چنگراوٹھی میں گئوکشی کی خبر کے سلسلے میں پولس اور مقامی باشندوں کے درمیان ہوئے پرتشدد جھڑپ میں سیانہ کوتوالی انچارج سب انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ اور ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی تھی۔ شرپسند عناصر نے اس دوران سبودھ کمار سنگھ کا سی یو جی فون اور پستول بھی لوٹ لیا تھا۔